کراچی میں اس ماہ ہونے والی سندھ پریمیئر لیگ ( ایس پی ایل) کا پہلا ایڈیشن شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی)کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ پیٹرنز کپ سے تاریخوں کے ٹکراؤ کی وجہ سے ایونٹ کو ملتوی کیا گیا ہے۔
سندھ پریمیئر لیگ کراچی میں 14 دسمبر سے شیڈولڈ تھی جبکہ پی سی بی کا پیٹرنز کپ کا آغاز 16 دسمبر سے ہونا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی وجہ سے لیگ کیلئے پلیئرز کو این او سی نہ مل سکا۔ سندھ پریمیئر لیگ کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں پی سی بی نے سندھ پریمیئر لیگ کے لیے این او سی جاری کردیا۔
واضح رہے کہ سندھ پریمئر لیگ کا پہلا ایڈیشن 14 سے 25 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا۔ ایونٹ میں میں 6 ٹیمیں شریک ہونا تھیں۔
سندھ پریمیر لیگ کی افتتاحی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کرنا تھی جبکہ لیگ کی اختتامی تقریب (25 دسمبر) میں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ شرکت متوقع تھی.
سندھ پریمیئر لیگ کی انتظامیہ نے گورنر سندھ کامران ٹسوری کی ناقابل فراموش خدمات کا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ کامران ٹسوری کی ذاتی دلچسپی کے باعث سندھ پریمیئر لیگ کے خواب کو عملی جامع پہنایا گیا۔ اور ان کی بدولت اس کرکٹ میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔