قائد اعظم ڈے : نمائشی ہاکی میچ میں اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کی کامیابی

 

کراچی فٹنس کلب کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں 5-4 گول سے شکست کا سامنا

فاتح ٹیم کے علی عباس نے ہیٹ ٹرک اسکور کی ، عبدالباری اور محمد واجد نے ایک ،ایک گول اسکور کیا

 

کراچی: اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں قائد اعظم محمد علی جناح ڈے کے حوالے سے کھیلا گیا نمائشی ہاکی میچ اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی نے جیت لیا ،

دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں کراچی فٹنس کلب کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ فاتح ٹیم نے مہان ٹیم کیخلاف میچ میں عمدہ کھیل پیش کیا انکی فارورڈ لائن نے میچ کے ابتداء سے ہی حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر حملے شروع کر دیئے

جس کے نتیجے میں انہیں کامیابیاں ملیں ،فاتح ٹیم کی جانب سے علی عباس نے ہیٹ ٹرک اسکور کی انہوں نے ابتدائی تینوں گول اسکور کئے جبکہ محمد واجد اور عبدالباری نے ایک،ایک گول اسکور کیا ،

کراچی فٹنس کلب کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے محمد افتخار نے دو مرتبہ گیند کو جال کی نظر کیا جبکہ عرفان علی اور اختر علی نے ایک ،ایک گول اسکور کیا۔

میچ کے مہمانِ خصوصی ہاکی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اولمپیئن سمیر حسین تھے جنکا تعارف مہمانوں سے کروایا گیا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قائد اعظم ڈے پر کھیلوں کے ذریعے انکی خدمات کو یاد رکھنے کی کوشش کرتے ہیں

آج پوری دنیا اس عظیم لیڈر کا 147 واں یوم ولادت منارہی ہے ، اصلاح الدین اکیڈمی میں بھی 25 دسمبر کو ہر سال باقاعدگی سے ہاکی میچز کا انعقاد کیا جاتا ہے اور بچوں کو بابائے قوم کے کارناموں کے حوالے سے بتایا جاتا ہے ،

سمیر حسین نے میچ کے اختتام پر انعامات بھی تقسیم کئے ۔ اس موقع پر کراچی فٹنس کلب کے سیکریٹری محمد واحد حسین ،اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی کے کوچز سید آل حسن ، سید صغیر حسین،

واصف رضا ، محمد اسلم خان ، جاوید مظہر سید آصف علی ، ظفیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ندیم سعید ، عزیر ، طلحہ غوری اور واجد نے امپائرنگ کے فرائص انجام دیئے۔

 

 

 

error: Content is protected !!