پی ایس ایل 9 ؛ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے دی

 

پاکستان سپر لیگ کے سیزن نو کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو دو رنز سے شکست دے دی۔

نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 148 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بناسکی۔ یوں کراچی کنگز کا آخری میچ میں شکست کے ساتھ پی ایس ایل نو کا سفر تمام ہوا۔

کراچی کنگز کی طرف سے ٹم سیفرٹ 41، عرفان خان 39، شعیب ملک 22، جیمز ونس 21 اور انوار علی 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کپتان شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ صرف 1 رن بناسکے۔

پشاور زلمی کی طرف سے نواین الحق نے 2، لوک ووڈ، عامر جمال اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ؛ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ہیں۔ اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔

کپتان بابر اعظم 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، رومین پاول نے 18 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 18 رنز بنا کر زاہد محمود کا نشانہ بنے، محمد حارث 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،

حسیب اللہ خان کو عرفات منہاس نے پویلین کی راہ دکھائی۔ ٹام کوہلر کیڈ مور 9 رنز بناسکے، عامر جمال 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے زاہد محمود، عرفات منہاس، حسن علی اور ڈینئل سیمز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی .

کراچی کنگز: جیمز ونس، ٹائم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، شان مسعود (کپتان)، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، انور علی، ڈینیئل سمس، عرفات منہاس، حسن علی، زاہد محمود

پشاور زلمی: بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، روومین پاول، عامر جمال، لیوک ووڈ، نوین الحق، مہران ممتاز، ایمل خان

تعارف: News Editor