ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ:ملتان اور کوئٹہ کی فتح

ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ:ملتان اور کوئٹہ کی فتح

پہلے روز کراچی اور حیدرآباد کو شکست،نصرت اللہ اور زمان خان نے نصف سنچریاں اسکور کیں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)

ملتان اور کوئٹہ کی فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیموں نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ چیمپئن شپ کے پہلے روز اپنے میچز جیت لئے۔

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اورپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے راشد لطیف اکیڈمی کرکٹ گراؤنڈپر جاری چیمپئن شپ کے پہلے روز حیدرآباد اور کراچی کی ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلے میچ میں کوئٹہ کے خلاف کراچی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5اوورز میں 105رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔خورشید علی 27گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 32رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ علی اکثر نے 17اور انس الطاف نے 12رنز اسکور کئے۔کراچی کے سات بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی نہ جا سکے۔

کوئٹہ کی جانب سے علی گجزئی نے 21رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مٹھل خان،الس یار،نظام الدین اور وسیم الرحمان نے ایک ایک وکٹ لی۔

جواب میں کوئٹہ نے نصرت اللہ کی نصف سنچری کی بدولت 15.3اوورز میں تین وکٹوں پر106رنز بناکر سات وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔نصرت اللہ نے 47گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 54رنز اسکور کئے

جبکہ شیر احمد نے چار چوکوں کی مدد سے 26اور کپتان سیف اللہ نے دو چوکوں کی مدد سے 13رنز بنائے۔کراچی کی جانب سے کامران خان اور انس الطاف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

نصرت اللہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا انہوں نے مہمان خصوصی سینئر جرنلسٹ انیس الرحمان نے ایوارڈ وصول کیا۔دوسرے میچ میں ملتان کے خلاف حیدرآباد کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19اوورز میں 97رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بابر علی ایک چھکے کی مدد سے 29رنز بناکرنمایاں رہے جبکہ رانجھن علی نے گیارھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 18اور دسویں نمبر کے بیٹر زبیر احمد نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 16رنز بنائے۔

ملتان کی جانب سے زبیر سلیم نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے صرف سات رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاجبکہ محمد حارث اور محمد عرفان نے دو دواور عمیز الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں ملتان نے بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف98رنز حاصل کر کے میچ دس وکٹوں سے جیت لیا۔

ملتان کی جانب سے زمان خان نے 26گیندوں پر 9چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63اور مطلوب قریشی نے 23گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 27رنز اسکور کئے۔

دوسرے میچ کے مہمان خصوصی آر سی اے کراچی زون سات کے صدرمظہر اعوان تھے جنہوں نے زمان خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا،

اس موقع پرکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجراعظم خان، ٹورنامنٹ ڈائرکٹر اور سیکریٹری جنرل پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری،ہیڈ ملتان بہاولپور ریجن جمیل کامران،میڈیا منیجر محمد نظام اور دیگر بھی موجود تھے۔

چیمپئن شپ کے دوسرے روز آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے۔ساڑھے نو بجے حیدرآباد اور کوئٹہ جبکہ دوسرے میچ میں دوپہر دو بجے کراچی اور ملتان کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔

error: Content is protected !!