ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی گئی۔

اس حوالے سے لاہور میں ہونے والی خصوصی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے شرکت کی۔

ان کے علاوہ کپتان بابراعظم،محمدرضوان،نسیم شاہ اورشاہین آفریدی سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑی شریک ہوئے۔ اس علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ کٹ کو میٹرکس کا نام دیا گیا ہے۔

تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے ورلڈ کپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ ڈالرز کے بجائے زیادہ دینا چاہتا ہوں کیونکہ بورڈ کے پاس پیسہ ان کرکٹرز کے خون پسینے کی کمائی ہے اور سب سے زیادہ ان کا حق ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ 2009 کی طرح قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی لے کر آئے گی۔ میری دعا ہےکہ یہ کٹ مبارک ثابت ہو۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کٹ کی رونمائی کے موقع پر کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے انگلینڈ سے امریکا روانہ ہوگی۔ جبکہ محسن نقوی پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئے امریکا جائیں گے

تعارف: News Editor