پریذیڈنٹ کپ: ایس این جی پی ایل فائنل میں پہنچ گئی

پریذیڈنٹ کپ: ایس این جی پی ایل فائنل میں پہنچ گئی

سیمی فائنل میں اسٹیٹ بینک کو 8 وکٹوں سے شکست

عبداللہ شفیق، کامران غلام اور زین عباس کی سنچریاں

لاہور 9 مئی، 2024:ء

ایس این جی پی ایل کی ٹیم پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں اس نے اسٹیٹ بینک کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اس جیت میں عبداللہ شفیق اور کامران غلام کی سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔

ایس این جی پی ایل کا فائنل میں مقابلہ غنی گلاس اور ہائر ایجوکیشن کے درمیان جمعہ کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ایس این جی پی ایل نے 46 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

اسٹیٹ بینک کی اننگز کی خاص بات زین عباس کی سنچری تھی۔ انہوں نے17 چوکوں کی مدد سے 108 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے عثمان صلاح الدین کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 144 رنز کا اضافہ کیا۔

عثمان صلاح الدین 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد محسن نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کیے۔ ایس این جی پی ایل کی جانب سے محمد علی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مہران ممتاز اور شاہنواز دھانی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایس این جی پی ایل کی جیت میں عبداللہ شفیق اور کامران غلام کی شاندار بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ عبداللہ شفیق کی 101 رنز کی اننگز میں 10چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

کامران غلام نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 110 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کیا۔
کامران غلام اور عمیر بن یوسف کی تیسری وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنے۔ عمیر 40 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مختصر اسکور:
اسٹیٹ بینک 278 رنز ( 49.3 اوورز ) زین عباس 108، محمد محسن 62، عثمان صلاح الدین 44؛ محمد علی 49 / 3 وکٹ۔
ایس این جی پی ایل 282 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 46 اوورز ) کامران غلام 110 ناٹ آؤٹ، عبداللہ شفیق 101،عمیربن یوسف 40 ناٹ آؤٹ۔
نتیجہ ۔ ایس این جی پی ایل نے 8 وکٹوں سے جیتا۔

error: Content is protected !!