سال 2025 کھیلوں اور نیشنل گیمز کی بحالی کا سال قرار
…..اصغر علی مبارک. …….
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے 2025 کو کھیلوں کی بحالی کا سال اور ملک میں نیشنل گیمز کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ملک سے ہم اولمپکس میں چند ایتھلیٹ نہیں بھیج سکتے۔
اسلام آباد میں قومی کانفرنس برائے احیائے کھیل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ قومی کانفرنس برائے ریوائیول آف اسپورٹس کا مقصد اسپورٹس فیڈریشنز کی بحالی ہے،
انہوں نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی کوچز کے زیر اہتمام کھلاڑیوں کی تربیت کی جائے گی اور زیادہ سے زیادہ سپورٹس مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں بھی کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے شرکا کی تمام سفارشات کی روشنی میں رپورٹ مرتب کی جائے گی،
رپورٹ اور سفارشات پر تندہی سے عمل کیا جائے گا، ہم ملک کے لیے کھیلتے ہیں، 2025 ملک میں کھیلوں کا سال ہو گا اور ہم بھرپور طریقے سے کھیل کا میدان سجائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے ہائر ایجوکیشن کو کہا ہے کہ یونیورسٹیز میں اسپورٹس ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور کھیلوں میں قومی نمائندگی کے لیے میرٹ پر انتخاب ہونا چاہیے کیونکہ گروہ بندی سے کوئی نہیں جیت سکتا اور کھلاڑی بھی ذہنی تناؤ کے ساتھ کبھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی کے ہر ہاکی کھلاڑی کو جاب لیٹر ملے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ملک میں 10 سے 15 چیمپئین کیوں نہیں نکل سکتے،
اولمپکس میں چند ایتھلٹ نہیں بھیج سکتے، 2028 اولمپکس کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی اور ہر تین سے چار ماہ بعد کارکردگی جانچنے کے لیے دوبارہ ملاقات ہوگی
جس کے بعد سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے 2016 سے تعطل کا شکار نیشنل گیمز کے انعقاد کے لیے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین کھیلوں کے شعبے میں تعاون کرے گا جس سے بہتری آئے گی۔
اسپورٹس بحالی کانفرنس میں اسپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں۔ کھلاڑیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور ملک میں کھیلوں کی بحالی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔