زیادہ تر امکان ہے کہ ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلوں گا ؛ کپتان بابراعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز اور ورلڈ کپ دونوں کے لیے تمام حکمت عملی بشمول کھلاڑیوں کی کمبینیشن اور بولنگ و بیٹنگ لائن سب طے ہوچکی ہیں۔

منگل کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے انگلینڈ کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کو ورلڈ کپ کی بہتر تیاری کا ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی جو کمبینیشن اور بولنگ و بیٹنگ لائن اس سیریز میں ہوگی وہی 27 مئی سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ میں بھی ہوگی تاہم ایک آدھ ردوبدل کی گنجائش تو ہمیشہ رہتی ہی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ انگلینڈٖ سیریز میں اوپننگ کریں گے یا ون ڈاؤن (تیسرے نمبر) پر کھیلیں گے تو کچھ تردد کے بعد انہوں نے کہا کہ زیادہ تر امکان ہے کہ وہ ’ون ڈاؤن‘ پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ 3 ہفتے بعد ورلڈکپ ہے اس سیریز سے اچھی چیزیں سیکھیں گے اور سیریز جیت کر ورلڈ کپ کے لیے اعتماد حاصل کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ وہ ورلڈ کپ جیت کر لوٹیں گے کیوں کہ ہمارے پاس بہت اچھی بیٹنگ لائن ہے اور ہمارے بولرز بھی بہت اچھے ہیں ان میں عامر ہیں اور اس کے علاوہ شاہین، حارث رؤف اور نسیم بہت اچھے فاسٹ بولرز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس لحاظ سے اس مرتبہ ہمارے پاس سنہری موقع ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیتیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حارث رؤف بالکل فٹ ہیں وہ کھیلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا ہوتا ہے کبھی ایک بولر سے کارکردگی ملتی ہے کبھی دوسرے سے اور یہ بیٹنگ میں بھی ہے اور کھلاڑی ایک دوسرے کو کوور اپ کرلیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال پر منحصر ہوتا ہے کہ ہم جارحانہ کھیلیں اور چھکے چوکے لگائیں یا سنبھل کر کھیلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانہ روی کے ساتھ کھیل ہونا چاہیے کیوں کہ سنگل اور ڈبل رنز بھی معانی رکھتے ہیں اور اگر ایک اوور میں ایک چوکا اور کچھ سنگل ڈبل رنز لے لیے جائیں تو رن ریٹ اچھا رہتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے آئرلینڈ میں بھی بہت نئے تجربے نہیں کیے وہی لائن اپ کھلائی تاہم ہم طے کرچکے ہیں کہ کھلاڑیوں کی کیا کمبینیشن ہوگی، کیا بیٹنگ اور کیا بولنگ لائن ہوگی اور وہ اس سیریز میں نمایاں نظر آئے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہر سیریز ایک نئی سیریز ہوتی ہے اور ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس یہ ایک سنہری موقع ہے کہ اس سے جتنا اعتماد بڑھا سکیں بڑھائیں لہٰذا ہماری کوشش ہوگی کہ (انگلینڈ سے) سیریز جیتیں کیوں کہ اس سے ٹیم کی خوداعتمادی بڑھتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن نسبتاً زیادہ اچھی ہے اور ان کے کھلاڑی ’گیم چینجرز‘ ہیں، اوپر سے نیچے تک ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین ہیں اور وائٹ بال میں انگلینڈ کی ٹیم بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

تعارف: News Editor