ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپین شپ جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعام کا اعلان
لیاری اسٹریٹ فٹبالرز کے لیے 1 کروڑ 83 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ


سندھ حکومت کا ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپین شپ جیتنے والے سندھ کے کھلاڑیوں کے لیے 6 لاکھ انعام،
لیاری اسٹریٹ فٹبالرز کے لیے 1 کروڑ 83 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ
کراچی ۔ سندھ حکومت نے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے 6 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے،
جبکہ ناروے کپ 2025 میں شرکت کے لیے جانے والی لیاری فٹبال اکیڈمی کی اسٹریٹ چِلڈرن ٹیم کو 1 کروڑ 83 لاکھ روپے کا اسپانسرشپ چیک فراہم کر دیا گیا ہے۔
یہ اعلانات وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کراچی میں کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر کیے۔ ملاقات میں ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی،جنہوں نے اپنے میڈلز وزیر کھیل کو پیش کیے۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں ایانا نوئل آرتھر 1 گولڈ، ثمرہ اعجاز پراچہ 1 برانز، اریشہ ندیم 1 سلور، 1 برانز، عبدالرحمٰن 3 برانز اور سحرش تصدیق 2 برانز شامل ہیں۔
وزیر کھیل نے کہا کہ سندھ کے یہ نوجوان کھلاڑی ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کھیلوں میں خواتین کی شمولیت اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر لیاری فٹبال اکیڈمی کی اسٹریٹ چِلڈرن ٹیم نے بھی وزیر کھیل سے ملاقات کی، جنہیں ناروے کپ 2025 میں شرکت کے لیے مالی معاونت دی گئی۔
ٹیم 26 جولائی سے 2 اگست تک اوسلو، ناروے میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
ملاقات میں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔



