پی ایس ایل کی طرح کلب کرکٹ لیگ منعقد کی جائے: منیر علی قادری
پی سی بی کلب کرکٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے :صحافیوں سے گفتگو

پی ایس ایل کی طرح کلب کرکٹ لیگ منعقد کی جائے: منیر علی قادری
پی سی بی کلب کرکٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے :صحافیوں سے گفتگو
لاہور ( سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے معاشی حب کراچی کے معروف سپورٹس آرگنائزر سید منیر علی قادری نے کہا ہے کہ کلب اور سکول کرکٹ کو جدید خطوط پر استوار کرکے ہی ملکی کرکٹ کے ڈھانچے کی بنیاد مضبوط بنائی جاسکتی ہے ،
کلب کرکٹ کو نظر انداز کر کے ملکی سطح پر کرکٹ کی ترقی ممکن نہیں۔ کلب کرکٹ دراصل کسی بھی ملک میں کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ ہوتی ہے اور اس کومضبوط بنائے بغیر، ٹیلنٹ کی نشاندہی اور تربیت مشکل ہو جاتی ہے لہٰذا پی سی بی کلب کرکٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔
ان خیالات کا اظہار کراچی کے معروف سپورٹس آرگنائزر،ماہنامہ کلب کرکٹ کراچی کے سابق چیف ایڈیٹر سید منیر علی قادری نے لاہور پریس کلب کے وزٹ کے موقع پرپاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر اور سیکرٹری اطلاعات محمد قیصر چوہان سے ملاقات کے دوران کیا۔
معروف سپورٹس آرگنائزر سید منیر علی قادری نے کلب کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو تجویز دی کہ پی ایس ایل کی طرز پر کلب کرکٹ لیگ منعقد کی جائے ،
اس سلسلے میں پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کلب کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے اور ہر شہر کی چمپئن کلب ٹیم کو پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل )کی طرز پر اسپانسر کیا جائے
اورپھر ان کلب ٹیموں کا پی ایس ایل کی طرز پر کلب کرکٹ لیگ منعقد کی جائے،اس طرح کلب کرکٹرز کو معاشی طور پر مضبوط ہونے کا موقع بھی ملے گا اور نیا ٹیلنٹ بھی اُبھر کر سامنے آئے گا ۔
سید منیر علی قادری نے کہا کہ کلب کرکٹ لیگ کی چمپئن ٹیم کو انگلینڈ ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز ، سر ی لنکا ، بنگلہ دیش ، آئر لینڈ ،اورزمبابوے کا دورہ کرایاجائے ،
تاکہ کلب کرکٹرز کو غیر ملکی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوجبکہ شہروں کے چمپئن کلبوں کے کوچز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے کوچنگ کورسز کرائے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی جدید خطوط پر کوچنگ کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھار سکیں ۔



