دانیال اعجاز نے 17ویں اسلام آباد اوپن باؤلنگ چیمپئن شپ جیت لی

دانیال اعجاز نے 17ویں اسلام آباد اوپن باؤلنگ چیمپئن شپ میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا
اسلام آباد (نوازگوھر) دانیال اعجاز نے 17ویں اسلام آباد اوپن باؤلنگ چیمپئن شپ میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ فہیم خان دوسرے نمبر پر رہے۔
ایونٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چھٹہ اور اسلام آباد ٹین پن باؤلنگ ایسوسی ایشن کے صدر رانا افضل اختر بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹین پن باؤلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کھیلی گئی اسلام آباد اوپن باؤلنگ چیمپئن شپ میں دانیال اعجاز نے 268 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ فہیم خان نے 187 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں اسلام آباد کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فائنل کے بعد ایونٹ کے چیمپئن بننے والے نوجوان باؤلر دانیال اعجاز نے کہا کہ میں آج چیمپئن شپ جیت کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں یہ سب میری ماں باپ کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ کا چیمپئن بننا کوئی آسان کام نہیں بلکہ کھلاڑی کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور حکومت کو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہو سکے.



