پاکستان اور بھارت کتنی بار فائنل میں ٹکرائے؟ اور کون زیادہ بہتر رہا؟

ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کل 28 ستمبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
یو اے ای میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کا دو بار سامنا ہو چکا ہے اور دونوں مرتبہ بھارت نے کامیابی حاصل کی ہے۔
مجموعی طور پر بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت کو پاکستان پر برتری حاصل رہی ہے۔ 2007 سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان صرف 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 12 بھارت اور صرف 3 پاکستان کے نام رہے ہیں۔
کرکٹ ماہرین فائنل سے قبل اسی ریکارڈ کو بنیاد بنا کر بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں، تاہم تاریخ یہ بھی بتاتی ہے کہ کثیر ملکی ایونٹس کے فائنلز میں پاکستان کو سبقت حاصل رہی ہے۔
دونوں ٹیمیں 2017 کے بعد پہلی بار کسی بڑے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے پہلے 1985 کے بعد سے اب تک پاکستان اور بھارت پانچ بڑے فائنلز میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترے ہیں، جن میں تین پاکستان نے اور دو بھارت نے اپنے نام کیے ہیں۔
1985 میں آسٹریلیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں بھارت کو کامیابی ملی تھی، لیکن اگلے ہی سال 1986 میں شارجہ میں جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے پاکستان کو یادگار فتح دلوائی۔
1994 میں ایک بار پھر شارجہ میں پاکستان نے بھارت کو 39 رنز سے شکست دی۔ 2007 میں جوہانسبرگ میں پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کھیلا گیا جہاں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 رنز سے ہرایا۔
دونوں ٹیموں کا آخری فائنل 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہوا، جہاں لندن میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے عبرتناک شکست دی۔
یوں مجموعی طور پر کثیر ملکی ٹورنامنٹس کے فائنلز میں پاکستان کو 3-2 کی برتری حاصل ہے، جب کہ سہ ملکی ٹورنامنٹس میں بھی دونوں ٹیموں کا تین بار آمنا سامنا ہوا ہے
جن میں سے دو بار پاکستان اور ایک بار بھارت نے کامیابی حاصل کی۔ اسی پس منظر میں کرکٹ شائقین اب کل کے فائنل کو تاریخ کا ایک اور یادگار باب سمجھ کر بڑی بے چینی سے منتظر ہیں۔



