اسرائیل کا فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر پرحملہ

اسرائیل کا فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر پرحملہ
مقبوضہ فلسطین کے علاقے الرام میں فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی فوج کے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ہیڈکوارٹر پر گیس اور صوتی بموں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں عملے کے کئی ارکان زخمی ہوئے۔
اپنے بیان میں پی ایف اے نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ فلسطینی کھیلوں اور کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی اسرائیل کی منظم پالیسی کا تسلسل ہے۔
ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ ہیڈکوارٹر کے ساتھ واقع فیصل الحسینی اسٹیڈیم بھی متعدد بار اسرائیلی حملوں کی زد میں آ چکا ہے، جبکہ فلسطینی ٹیموں کو اپنی سرزمین پر میچز کرانے کا حق بھی نہیں دیا جا رہا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی افواج پہلے ہی سیکڑوں فلسطینی ایتھلیٹس اور فٹبالرز کو شہید کرچکی ہیں، جبکہ کھیلوں کے میدان، اسٹیڈیمز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا جا رہا ہے، جس سے فلسطینی کھیلوں کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔
فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے فیفا، یوئیفا اور دیگر بین الاقوامی اسپورٹس اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن پر فوری اور سخت پابندیاں عائد کریں۔
ایسوسی ایشن نے دنیا بھر کی فٹ بال تنظیموں، کلبوں اور کھلاڑیوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں، انصاف اور انسانی حقوق کی اقدار کا تحفظ کریں، اور اسرائیلی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں۔



