قائد اعظم ٹرافی 2025-26 کا آغاز ، 46میچز کھیلے جائینگے.

قائد اعظم ٹرافی 2025-26 کا آغاز ، 46میچز کھیلے جائینگے
قائداعظم ٹرافی (quaid e azam trophy 2025) کا 68 واں ایڈیشن آج سے ملک کے چار شہروں کے پانچ مختلف گراؤنڈز پر شروع ہو رہا ہے، جس میں دس علاقائی ٹیمیں، بشمول دفاعی چیمپئن سیالکوٹ میدان میں اتریں گی۔
گزشتہ سال کے ایڈیشن میں سیالکوٹ نے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں پشاور کو سنسنی خیز میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اس بار بھی دونوں ٹیمیں ابتدائی راؤنڈ میں پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دیگر چار مقابلے ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سمیت 4 کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ میں شرکت کریں گے تاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنی فارم اور صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی ہدایت پر قومی اسکواڈ کے یہ کھلاڑی اپنی اپنی ریجنل ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
محمد رضوان اور اسپنر ساجد خان پشاور ریجن کی جانب سے کھیلیں گے، جبکہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا سیالکوٹ اور فاسٹ بولر حسن علی لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاتح ٹیم کے لیے 75 لاکھ روپے انعامی رقم کا اعلان کیا ہے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 40 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس بار پہلی مرتبہ لیگ میچ کے ہر “پلیئر آف دی میچ” کو 25 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 1 لاکھ روپے جبکہ بہترین بالر، بیٹر، وکٹ کیپر اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس انعام دیا جائے گا۔
اس ایڈیشن میں شامل 10 ٹیموں میں فاٹا، فیصل آباد، کراچی بلوز اور ملتان نے حنیف محمد ٹرافی سے کوالیفائی کیا ہے، جبکہ ایبٹ آباد، بہاولپور، پشاور، سیالکوٹ، لاہور وائٹس اور اسلام آباد گزشتہ سال کی ٹاپ پرفارمنگ ٹیموں میں شامل تھیں۔
46 میچوں پر مشتمل اس ایونٹ کے دوران متعدد مقابلے، بشمول فائنل، پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے تاکہ شائقین کو ملکی کرکٹ سے مزید جوڑا جا سکے۔
ابتدائی راؤنڈ میں پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم اور اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ پر ہونے والے میچز لائیو اسٹریم کیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچز 6 سے 9 اکتوبر تک ہوں گے:
ایبٹ آباد بمقابلہ بہاولپور – ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم
لاہور وائٹس بمقابلہ اسلام آباد – شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
پشاور بمقابلہ سیالکوٹ – عمران خان اسٹیڈیم، پشاور (براہِ راست نشر ہوگا)
فاٹا بمقابلہ ملتان – ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد (براہِ راست نشر ہوگا)
فیصل آباد بمقابلہ کراچی بلوز – مرگلہ کرکٹ گراؤنڈ، اسلام آباد



