ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی دبئی میں سخت سیکیورٹی کے تحت محفوظ کر دی گئی

ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کو سخت سیکیورٹی اقدامات کے تحت دبئی میں لاک کر دیا گیا ہے۔
دبئی: بھارتی میڈیا کے مطابق ٹرافی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی کو بھی بغیر اجازت ٹرافی کو چھونے یا اس تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی ایک قیمتی علامت ہے جس کی حفاظت پی سی بی کی ذمہ داری ہے، بھارتی ٹیم جب چاہے، میرے ہاتھوں سے ٹرافی لے سکتی ہے، بس پیشگی اطلاع دے دی جائے تاکہ تمام انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ٹرافی کو دبئی میں محفوظ مقام پر رکھا گیا ہے جہاں اس کے گرد خصوصی سیکیورٹی بندوبست کیے گئے ہیں۔ ٹرافی کو کسی بھی ٹیم یا عہدیدار کے حوالے صرف اعلیٰ سطحی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس معاملے کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس میں اٹھانے کی تیاری شروع کر دی ہے،
نومبر میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں بی سی سی آئی اس معاملے کو باضابطہ طور پر پیش کرے گا، تاکہ ٹورنامنٹ سے متعلق ممکنہ انتظامی اور پروٹوکول کے معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے یہ اقدام پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اٹھایا جا رہا ہے، جو ایشیا کپ اور آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے معاملات پر ایک عرصے سے برقرار ہے۔



