آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ; انگلینڈ اور پاکستان کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا

ویمنز ورلڈ کپ: بارش نے پاکستان ویمنز ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیردیا
کولمبو: آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ : انگلینڈ اور پاکستان کا میچ بغیرکسی نتیجے کے ختم۔
فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ
کولمبو 15 اکتوبر۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز اور انگلینڈ ویمنز کا میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد کسی نتیجے کے بغیر ختم کردیا گیا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
انگلینڈ نے 25 اوورز کی بیٹنگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر79 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا جس کے بعد میچ کو 31/31 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا ۔
انگلینڈ نے31 اوورز میں 9 وکٹوں پر133 رنز بنائے۔
پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 31 اوورز میں 113 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف ملا لیکن جب اس نے6 اعشاریہ 4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنائے تھے کہ دوبارہ بارش کی وجہ سے کھیل روک دینا پڑا ۔
اس میچ کی خاص بات پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ تھی۔ بدھ کے روز پریماداسا سٹیڈیم میں کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ دی۔
انگلینڈ کی ٹیم ایک موقع پرصرف 57 رنز پر6 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی جس کا سبب فاطمہ ثنا کی شاندار بولنگ تھی جنہوں نے 15گیندوں پر ایمی جونز۔ کپتان نیٹ سیور برنٹ اور ہیدر نائٹ کی وکٹیں حاصل کرڈالی تھیں۔ دوسری جانب سے ڈیانا بیگ نے ٹیمی بیمونٹ کو آؤٹ کردیا تھا۔
سپنر سعدیہ اقبال نے سوفیا ڈنکلی اور ایما لیمب کی وکٹیں حاصل کیں تو میچ پر پاکستان ٹیم کی گرفت مضبوط ہوچکی تھی۔ پاکستان کو ساتویں وکٹ 78 کے مجموعی سکور پر ملی جب رامین شمیم نے 16 رنز بنانے والی ایلس کیپسی کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔
بارش رکنے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو انگلینڈ نے اپنے سکور79 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ میں مزید 54رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران اس کی دو وکٹیں گریں۔چارلی ڈین 33 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔
فاطمہ ثنا نے صرف 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو 16 رنز کے عوض آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز میں منیبہ علی اور عمیمہ سہیل نے 34 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا ۔منیبہ علی نے ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے ۔ عمیمہ سہیل نے 19 رنز سکور کیے جس میں 4 چوکے شامل تھے۔
پاکستان ٹیم اپنا پانچواں میچ 18 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔



