سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر

سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر
جوہر بارو: (ویب ڈیسک) ملائیشیا میں جاری سلطان جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہو گیا۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 5 پوائنٹس حاصل کرنے والی قومی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی،
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حریف ٹیم نے پاکستان کو میچ کے آغاز سے دباؤ کا شکار رکھا اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک کینگروز نے پاکستان کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
تاہم پاکستانی جونیئر پلیئرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے 2 کوارٹرز میں 3 گول کیے، اس دوران آسٹریلوی ٹیم بھی مزید ایک گول کرنے میں کامیاب رہی، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے 3-3 گول کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان حنان شاہد نے 2 اور سیف اللہ نے ایک گول کیا، قومی ٹیم تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے کل برطانیہ کے مدمقابل آئے گی۔
اس سے قبل، 14 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ بھی 3-3 گول سے برابر ہوگیا تھا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں نے جونیئر ٹیم کو ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے قومی جونیئر ٹیم کی ایونٹ پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر ورلڈ رینکنگ نمبر دو کی ٹیم بھارت اور نمبر آٹھ کی ٹیم آسٹریلیا کیساتھ میچ برابر کھیلنا قابل ستائش ہے۔ ہماری جونیئر ہاکی ٹیم کا مورال بلند ہے۔
انشاء اللہ یہی جونیئر ٹیم بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابی حاصل کرے گی اور یہ جونیئر کھلاڑی قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔



