آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 150 رنز سے ہرادیا

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 150 رنز سے ہرادیا
کولمبو 21 اکتوبر۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو ڈرک ورتھ لوئس قانون کے تحت 150 رنز سے ہرادیا۔
منگل کے روز پریما داسا سٹیڈیم میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ دی جس نے 40 اوورز میں 9 وکٹوں پر 312 رنز بنائے۔
پاکستان کو نظرثانی شدہ ہدف میں37 اوورز میں306 رنز بنانے تھے تاہم جب بارش کی وجہ سے کھیل رکا تو پاکستان نے 10 اوورز میں 4 وکٹوں پر 35 رنز بنائے تھے۔
جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو25 اوورز میں جیتنے کے لیے 262 رنز کا ہدف ملا لیکن 12 اوورز میں جب سکور4 وکٹوں 48 رنز تھا بارش دوبارہ شروع ہوگئی اور کھیل روک دیا گیا۔ جب کھیل تیسری مرتبہ شروع ہوا تو پاکستان کے لیے نیا ہدف 20 اوورز میں234 رنز تھا تاہم پاکستان ٹیم 7 وکٹوں پر 83 رنز بناپائی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز میں پاکستان کو ابتدا ہی میں اہم کامیابی اسوقت حاصل ہوگئی جب فاطمہ ثنا نے تیزمین برٹس کو صفر پر آؤٹ کردیا۔
کپتان لارا وولوارٹ اور سونی لیز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز کا اضافہ کیا۔ وولوارٹ دس رنز کی کمی سے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی10 ویں سنچری مکمل نہ کرسکیں۔ انہوں نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے90 رنز بنائے۔
سونی لیز نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ ماریزان کیپ نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 68 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلی اور وولوارٹ کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز کا اضافہ کیا۔
کیپ نے نادین ڈی کلیرک کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 52 رنز کا اضافہ بھی کیا۔ کلیرک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اننگز میں نتالیہ پرویز 20 سدرہ امین 13 منیبہ علی 5۔ عمیمہ سہیل 6 اور فاطمہ ثنا 2 اور عالیہ ریاض 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں ۔ سدرہ نواز 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
ماریزان کیپ نے 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنا ساتواں اور آخری میچ 24 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔



