پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ ; عقیل، اعصام اور مزمل کی شاندار کارکردگی

عقیل، اعصام اور مزمل کی شاندار کارکردگی،
شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس میں سیمی فائنل میں رسائی
لاہور (23 اکتوبر 2025): اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی، نِشتر پارک لاہور میں جاری نویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2025 میں شاندار مقابلے جاری ہیں، جہاں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے مختلف کیٹیگریز کے سیمی فائنلز میں اپنی جگہ بنا لی۔
مردوں کے سنگلز کوارٹر فائنلز میں تجربہ کار اسٹار عقیل خان نے اپنی روایتی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے باصلاحیت نوجوان ابوبکر طلحہ کو 7-6، 6-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
مزمل مرتضیٰ نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے یوسف خلیل کو 6-2، 6-2 سے ہرا دیا، جبکہ مدثر مرتضیٰ نے سخت مقابلے کے بعد برکت اللہ کو 6-1، 3-6، 6-3 سے مات دی۔
ایک اور دلچسپ مقابلے میں محمد شعیب نے پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود شاندار کم بیک کیا اور محمد عابد کو 4-6، 6-4، 6-0 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔
مردوں کے ڈبلز کوارٹر فائنلز میں بھی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ عقیل خان اور شہزاد خان کی جوڑی نے بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیرا عاشق اور مدثر مرتضیٰ کو 6-1، 6-4 سے ہرایا۔
پاکستان کے ٹاپ ڈبلز اسٹار اعصام الحق قریشی اور مزمل مرتضیٰ کی جوڑی نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے محمد شعیب کو 6-2، 7-5 سے شکست دی۔
دیگر مقابلوں میں یوسف خلیل اور برکت اللہ نے احمد بابر اور ثاقب حیات کو 6-3، 6-0 سے ہرا دیا جبکہ ابوبکر طلحہ اور احمد نائل قریشی نے حمزہ علی رضوان اور فیضان فیاض کو 6-0، 6-1 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔
خواتین کے سنگلز سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ عشنا سہیل نے شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے شمزہ ناز دراب کو 6-0، 6-0 سے باآسانی شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں مہک کھوکھر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبیکا دراب کو 6-0، 6-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اب عشنا اور مہق کے درمیان دلچسپ فائنل متوقع ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کے زمرے میں، بوائز انڈر 12 کے کوارٹر فائنلز میں فاطمہ گروپ سے تعلق رکھنے والے محمد ایان نے دانیال (کے پی کے) کو 4-0، 4-0 سے با آسانی شکست دی، جبکہ اسی ادارے کے محمد معاذ نے مصطفیٰ ازیر رانا کو 4-2، 4-2 سے ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔
سینیئرز 45+ ڈبلز کے کوارٹر فائنلز میں عارف فیروز اور خرم امتیاز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے احسن رزاق اور محمد وقار عظیم کو 6-2، 6-2 سے شکست دی، جبکہ قادِر نواز اور ڈاکٹر سہیب نے محمد اصغر اور علی لغاری کو 6-0، 6-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
سینیئرز 55+ ڈبلز سیمی فائنل میں تجربہ کار جوڑی رشید ملک اور عارف فیروز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے وحید چوہدری اور علی قیوم کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔



