شہریار ملک میموریل اوپن ٹینس: مزمل مرتضیٰ نے مردوں کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا

شہریار ملک میموریل اوپن ٹینس: مزمل مرتضیٰ نے مردوں کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا
لاہور: اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی نشتر پارک میں منعقدہ 9ویں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2025 اختتام پذیر ہوگئی، جس میں مزمل مرتضیٰ نے مردوں کے سنگلز مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مردوں کے سنگلز فائنل میں مزمل مرتضیٰ نے سخت مقابلے کے بعد محمد شعیب خان کو 7-5، 7-5 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سینئرز 45+ ڈبلز فائنل میں طلحہ وحید (گیس اینڈ آئل پاکستان) اور اشر علی خان کی جوڑی نے حسن سعید اور ہادی حسین کو 6-2، 5-7، 10-8 سے ہرایا۔
جبکہ سینئرز 65+ ڈبلز فائنل میں واقر نثار اور انعام الحق (نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد) نے بریگیڈیئر (ر) غضنفر اور میجر سعید کو 7-6، 6-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
بچوں کے انڈر-12 فائنل میں شایان آفریدی نے محمد آیان کو 4-2، 4-2 سے شکست دی۔
گرلز انڈر-12 فائنل میں ایمن ریحان نے خدیجہ خلیل کے ریٹائر ہونے کے بعد 4-1، 3-0 (ر) سے کامیابی حاصل کی۔ انڈر-10 فائنل میں دانیال عبداللہ نے ایمان شہباز کو 6-1 سے ہرا دیا۔
تقریبِ اختتام کے مہمان خصوصی ایم پی اے بلال یاسین تھے جنہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، منظور بٹ سمیت دیگر معزز مہمان، کھلاڑی اور شائقین بھی موجود تھے۔
پی ایل ٹی اے کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر رشید ملک نے بلال یاسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نے ایونٹ کی اہمیت میں اضافہ کیا۔ انہوں نے اعصام الحق قریشی کی شرکت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
رشید ملک نے صوبائی وزیرِ کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کے لیے 5 لاکھ روپے کے اعلان کا کیا۔ انہوں نے تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور رنرز اپ کو آئندہ مقابلوں کے لیے محنت جاری رکھنے کی ترغیب دی۔



