کرکٹ

وزیراعظم کا جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

وزیراعظم کاجنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد (نوازگوھر): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرکٹ بھائی چارے اورامن کو فروغ دیتا اور مختلف ممالک کے عوام کو جوڑتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل ہی نہیں بلکہ دنیا میں بھائی چارے اور امن کو فروغ دینے کے ساتھ مختلف ممالک کو جوڑنے کا بھی ذریعہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ سے مختلف سطح پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ ان میں سے ایک ہے جو دونوں ملکوں میں کھیلوں کے گہرے تعلقات اور احترام کی علامت ہے۔ میدان میں کرکٹ کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔ پاکستانی کرکٹرز نے بھی عمدہ کھیل سے ملک اور قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ امید ہے کہ قومی ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کیا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا،اور وہ پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے ۔

عشائیے میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال ، وفاقی وزیر داخلہ و چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور اتنے ہی میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلی جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!