بابر اعظم کا نیا ریکارڈ، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا

بابر اعظم کا نیا ریکارڈ، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ پچاس یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
یہ شاندار کارنامہ بابر اعظم نے لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران انجام دیا، جب انہوں نے صرف 36 گیندوں پر پُراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
اس اننگز کے ساتھ ہی بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی 40 ویں نصف سنچری مکمل کرلی، یوں وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ پچاس رنز کی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل بابر اعظم نے اپنی 39 ویں ففٹی کے ساتھ ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ ہوئے تھے، تاہم ایشیا کپ 2025 میں ناکامی کے بعد انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔



