سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل کیچز لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ اعزاز انہوں نے راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل کے دوران کوشل مینڈس کا کیچ تھام کر حاصل کیا۔
فائنل میں بابر اعظم نے تین کیچ پکڑے، جس کے ساتھ ہی ان کے مجموعی انٹرنیشنل کیچز کی تعداد 170 ہوگئی، جبکہ شاہد آفریدی نے اپنے کیریئر میں 167 کیچز لیے تھے۔
اس فہرست میں یونس خان 281 کیچز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، ان کے بعد انضمام الحق 194 کیچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ شاہد آفریدی اب چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
اسی میچ میں بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ کیچز لینے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ 60 کیچز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں، فخر زمان 57 کیچز کے ساتھ دوسرے جبکہ شعیب ملک 50 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔



