پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے بعد پرو لیگ میں شرکت کے لیے تیار

پاکستان ہاکی ٹیم آٹھ سال کے بعد پرو لیگ میں شرکت کے لیے تیار
اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید نے کہا ہے کہ قومی ٹیم آٹھ سال بعد ایک بار پھر ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے جا رہی ہے۔
ان کے مطابق تربیتی کیمپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو چکا ہے اور کھلاڑی اعلیٰ کارکردگی دکھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ کے دوران گول کیپرز، ڈیپ ڈیفنس اور پینلٹی کارنر اسکلز پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ بین الاقوامی مقابلے کی سختی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کا اسکواڈ 18 سے بڑھا کر 20 کھلاڑیوں پر مشتمل کر دیا گیا ہے۔
انجم سعید نے کہا کہ اگرچہ پاکستان عالمی رینکنگ میں نیچے ہے، لیکن ٹیم کا جذبہ بلند ہے اور کھلاڑی ہالینڈ اور ارجنٹائن جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا: “پرو لیگ دنیا کا سخت ترین ایونٹ ہے، لیکن اللہ کے فضل سے امید ہے کہ کھلاڑی اچھا مقابلہ کریں گے اور نتائج بھی مثبت ہوں گے۔”
منیجر کے مطابق قومی ٹیم کا کیمپ آف ہو چکا ہے اور کھلاڑی گھر روانہ ہو گئے ہیں۔ ٹیم 3 دسمبر کو ارجنٹائن روانہ ہوگی، جہاں وہ نیدرلینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان ہونے والے پرو لیگ میں شرکت کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم کا ڈنر لاہور میں 3 دسمبر کی شام ہوگا، جس کے فوراً بعد پوری ٹیم اپنے مشن کے لیے ایئرپورٹ روانہ ہو جائے گی



