
پی ایس اے سیٹیلائٹ اسکواش:انس علی اور انس خان فائنل میں پہنچ گئے
ویمنز میں دامیہ خان اور ویشنوی مد مقابل،بوائز انڈر15میں ٹاپ سیڈ عدنان کو عبدالباسط نے ہرا دیا
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے انس علی شاہ اور انس خان نے پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی
جبکہ دوسری پبلک اسکول حیدرآباد نیشنل جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی ویمنز کیٹیگری میں سندھ کی دامیہ خان اور سندھ کی ویشنوی کا ٹکراؤ ہوگا،بوائز انڈر19کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ عدنان زمان کوعبدالباسط نے اپ سیٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
پبلک اسکول حیدرآباد کے جمنازیم میں جاری چیمپئن شپ میں گزشتہ روز تمام سیمی فائنلز کھیلے گئے،اس موقع پر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید رحمان،سابق سیکریٹری محمد عامر،سینئر نائب صدر شبیر گل،ریحان شیخ،ریفری ایم فواد،ایم نسیم اور دیگر بھی موجود تھے۔
سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پی ایس اے سیٹلائٹ مینز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے انس علی شاہ نے سعید عبدل کو 3-0سے اور دوسرے سیمی فائنل میں انس خان نے کلیم اللہ شعیب کو سخت مقابلے کے بعد3-2سے زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی،
ویمنز میں سندھ کی دامیہ خان نے پہلے سیمی فائنل میں سندھ ہی کی دعا نزاکت کو 3-0سے اور دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کے ویشنوی کو سندھ ہی کی انعم مصطفی کے خلاف واک اوور مل گیا
اور وہ فائنل میں پہنچ گئیں۔بوائز انڈر19کے پہلے سیمی فائنل میں زبر دست اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جس میں ٹاپ سیڈ سندھ کے عدنان زمان کو سندھ کے عبدالباسط خان نے 3-1سے شکست دے کر ٹائٹل میچ کے لئے کوالیفائی کیا
جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پنجاب کے عبداللہ ندیم نے سیکنڈ سیڈ ایس این جی پی ایل کے زمان خان کو سخت مقابلے کے بعد3-2سے زیر کر کے فائنل میں نشست کنفرم کی۔
بوائز انڈر15کے سیمی فائنلز میں آرمی کے فیضان خان نے پنجاب کے سید محمد حسنین کو 3-1سے اور ایس این جی پی ایل کے حزیفہ شاہد نے پنجاب کے ایم بن عاطف کو3-0سے مات دے کر فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا۔
بوائز انڈر11کے پہلے سیمی فائنل میں سندھ کے ابان خان نے کے پی کے ایم آلیان کو 3-0سے اور سندھ کے ایم بن نسیم نے کے پی کے ابوبکر صدیقی کو 3-1سے ہرا کر فائنل میں جگہ پکی کی۔
تمام فائنلز آج کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی جاری نیشنل جونیئر اسکوا ش چیمپئن شپ کی تمام چار کیٹیگریز کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ پی ایس اے سیٹیلائٹ مینز اسکواش چیمپئن شپ کی انعامی رقم ایک ہزار ڈالرز ہے۔



