ہاکی

پی ایچ ایف نے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن کا پلان تیار کر لیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے پلان تیار کر لیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ ٹریننگ کیمپ کے لیے مجوزہ سلیکشن معیار کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کا مقصد میرٹ، شفافیت اور عالمی معیار کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق قومی ٹیم کے تمام امیدوار کھلاڑیوں کا جائزہ پانچ اہم شعبوں کی بنیاد پر لیا جائے گا۔ ان شعبوں میں ٹیکٹیکل سمجھ بوجھ، تکنیکی مہارت، جسمانی کارکردگی، ذہنی مضبوطی اور رویہ شامل ہیں۔

ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق ٹرائلز اور ٹریننگ سیشنز کے دوران کوچنگ اسٹاف ہر کھلاڑی کو مذکورہ پانچوں شعبوں میں 1 سے 5 تک نمبر دے گا۔

مجوزہ سلیکشن پالیسی کے تحت کسی بھی کھلاڑی کے لیے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کیمپ میں جگہ بنانے کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ پانچ میں سے کم از کم تین شعبوں میں 3 یا اس سے زائد اسکور حاصل کرے۔

پی ایچ ایف ترجمان نے بتایا کہ یہ مجوزہ معیار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ کام کرنے والے بین الاقوامی کوچز نے عالمی بہترین طریقۂ کار، مسلسل نگرانی اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے تفصیلی مشاہدے کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔

سلیکشن کے پورے عمل کو شفاف بنانے کے لیے جی پی ایس ٹریکنگ ڈیٹا اور ویڈیو اینالیٹکس سمیت ڈیجیٹل شواہد بھی استعمال کیے جائیں گے۔

مجوزہ سلیکشن معیار اور سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے سلیکشن کمیٹی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے انتخاب کا عمل مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور جدید ڈیٹا پر مبنی ہوگا تاکہ ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط اور مسابقتی قومی ٹیم تیار کی جا سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!