
پاکستان کی انڈر 12 ٹینس ٹیم سنگاپور پہنچ گئی
پاکستان کی باصلاحیت نوجوان ٹینس ٹیم ایشیائی 12 اینڈ انڈر ٹیم کمپیٹیشن کے فائنلز میں شرکت کے لیے 13 ستمبر کو سنگاپور پہنچ گئی۔ ایشیاء کے اس اہم ٹینس ایونٹ کے فائنلز 15 سے 20 ستمبر 2026ء تک سنگاپور میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستانی ٹیم میں محمد ایان، محمد فیضان اور محمد ابراہیم حسین گِل شامل ہیں،
جبکہ حرا عاشق ٹیم کی کپتان کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گی۔ پاکستانی ٹیم نے اپریل 2026 ءمیں نیپال میں ہونے والے ڈبلیو ٹی ایشیاء 12 اینڈ انڈر کوالیفائنگ ایونٹ میں رنر اَپ رہ کریہ جگہ بنائی۔
قومی ٹیم کی اس عمدہ کارکردگی کے باعث اسے سنگاپور میں ہونے والے فائنلز کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی،
سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور پی ٹی ایف انتظامیہ نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
پی ٹی ایف حکام نے ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی فائنلز میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ملک کے لیے اعزاز حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ٹیم پاکستان کے لیے سنگاپور میں ہونے والے فائنلز میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔



