ہاکی

ہیرو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان

ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں یکم نومبر کو جالندھر میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ہیرو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان

چندی گڑھ : بھارتی پنجاب میں ہونے والی ہیرو مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے، ٹورنامنٹ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں یکم نومبر کو جالندھر میں آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے موہالی میں ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ ایونٹ میں ایشیا کی چھ بڑی ہاکی ٹیمیں بھارت، پاکستان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، چین اور جاپان شرکت کریں گی، جبکہ عمان اور بنگلہ دیش کو متبادل ٹیموں میں رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ متوجہ کرنے والا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کے مطابق روایتی حریفوں کا یہ بڑا مقابلہ یکم نومبر، پنجاب ڈے کے موقع پر شام 7 بجے جالندھر میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کی ایک ہی ٹورنامنٹ میں شرکت ایونٹ کی اہمیت کو مزید بڑھا رہی ہے۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی کے تمام لیگ مرحلے کے میچز 27 اکتوبر سے 2 نومبر تک جالندھر میں کھیلے جائیں گے۔
جالندھر میں افتتاحی تقریب بھی ہوگی،

جبکہ ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن مرحلے کے لیے ٹیمیں موہالی منتقل ہوں گی۔ 4 نومبر کو سیمی فائنلز جبکہ 5 نومبر کو فائنل اولمپین بلبیر سنگھ سینئر انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم موہالی میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا ایشین ہاکی فیڈریشن سطح کا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہوگا۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے ٹورنامنٹ کے اعلان کے موقع پر کہا کہ یہ محض ایک ہاکی ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پنجاب کی ہاکی سے وابستہ تاریخی روایات کی واپسی ہے۔

ان کے مطابق پنجاب نے نسلوں تک بھارتی ہاکی کے ہیروز کو پروان چڑھایا ہے اور حکومت اس ایونٹ کو کھلاڑیوں، شائقین اور دنیا بھر کے ہاکی مداحوں کے لیے یادگار بنانا چاہتی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔

بھگونت مان نے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے شائقین سے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل بھی کی۔

ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کی میزبانی کو بھارتی پنجاب کی ہاکی تاریخ کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ جالندھر اور موہالی دونوں شہر ہاکی کی مضبوط روایات رکھتے ہیں اور اب ایشیا کی ٹاپ ٹیموں کی میزبانی کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے میچز اولمپین سورجیت سنگھ ہاکی اسٹیڈیم، جالندھر اور اولمپین بلبیر سنگھ سینئر انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم، موہالی میں کھیلے جائیں گے۔

ہاکی انڈیا کے صدر دلیپ ٹرکی نے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ بھگونت مان کا ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان پنجاب میں ایک یادگار ایونٹ کی جانب اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق جالندھر اور موہالی اپنی شاندار ہاکی ثقافت کے باعث ایشیا کی بہترین ٹیموں کے لیے متاثر کن میدان ثابت ہوں گے۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے بھارت میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی ایک اہم امتحان ہوگی۔ خاص طور پر یکم نومبر کو بھارت کے خلاف میچ پر دونوں ملکوں کے ہاکی شائقین کی نظریں ہوں گی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی شرکت کی تصدیق کے بعد ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے میچز میں شامل ہوگیا ہے۔ 27 اکتوبر سے شروع ہونے والا ایونٹ 5 نومبر کو موہالی میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

تاہم اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ابھی تک ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن شرکت کے بارے میں فیصلہ کرنے سے قبل وفاقی حکومت کی ہدایات کی منتظر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!