راولپنڈی(زاہداعوان سے)پانچویں ایشین انڈور اینڈمارشل آرٹس گیمزاشک آباد2017ء میں میڈلز حاصل کرنیوالے 21پاکستانی سٹارز 8ماہ بعد بھی حکومت کی جانب سے انعامی رقم سے محروم ہیں جبکہ ان کے بعد کامن ویلتھ گیمز کئی انٹرنیشنل مقابلوں کی انعامی رقوم قومی ہیروز کو ادا کی جاچکی ہیں۔ 17تا 27ستمبر 2017ء کو ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں منعقدہ گیمز میں پاکستان نے 2گولڈ، 3سلور اور16برائونز میڈلز حاصل کر کے مجموعی طورپر 22ویں پوزیشن حاصل کی تھی لیکن یہ میڈلز جیتنے والے 21قومی مرد وخواتین اتھلیٹس کو حکومت کی طرف سے تاحال کوئی انعامی رقم نہ مل سکی۔ انڈور گیمز کی میڈلسٹ پاکستانی اتھلیٹ بینش خان نے کہاہے کہ حکومت نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنیوالے قومی ہیروز کو فوری انعامی رقم ادا کرکے ایک اچھی روایت شروع کی ہے لیکن ہمیں انڈور گیمز کی انعامی رقم 8ماہ بعد بھی نہ مل سکی جو لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ حکام سے مطالبہ کیاکہ انہیں انعامی رقم ادا کی جائے۔ اس حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل(ٹیکنیکل) محمداعظم ڈار کاکہناہے کہ انڈورگیمز کے میڈلسٹ کی انعامی رقم حکومتی پالیسی میں شامل نہیں تھی جس کی وجہ سے یہ تاخیر ہورہی ہے اوراب نئی پالیسی پرکام ہورہاہے اورامید ہے کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائیگا ۔