لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئندہ ماہ ہونے والی ایشین گیمز میں دولت مشترکہ گیمز میں پاکستان کیلئے واحد طلائی تمغہ جیتنے والے ریسلر انعام بٹ کی شرکت کا تنازع حل ہو گیا ہے اور اب انعام بٹ اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی باہمی مشاورت سے یہ بات طے پائی ہے کہ انعام بٹ ایشین گیمز کے بجائے ورلڈ بیچ گیمز جو ترکی میں ہونی ہیں میں شرکت کرینگے، یاد رہے کہ میڈیا میں اس حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ریسلنگ فیڈریشن نے انعام بٹ کو ان فٹ ہونے کی وجہ سے ایشین گیمز سے ڈراپ کردیا ہے جبکہ انعام بٹ کے فیس بک پیج پر ان سٹیٹس تھا کہ میں مکمل فٹ اور ایشین گیمز کیلئے تیار ہوں، اس حوالے سے انعام بٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سٹیٹس بھارتی پہلوان کو خوفزدہ کرنے کیلئے تھا، انعام بٹ کے مطابق وہ ان کے دائیں گھٹنے میں ابھی تکلیف ہے اور ڈاکٹر کے مطابق انہیں کم از کم مکمل فٹ ہونے کیلئے چار ہفتے کا وقت درکار ہے، لہٰذا اب انعام بٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایشین گیمز میں شرکت کرکے اپنی فٹنس کے بارے میں رسک نہیں لینا چاہتے بلکہ اس کی بجائے مکمل فٹ ہو کر بیج گیمز ترکی کیلئے مکمل تیاری کرینگے تاکہ ملک کیلئے طلائی تمغہ جیت سکیں اور وطن کا پرچم سربلند کرسکیں۔