لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر معین علی نے کہا ہے کہ اگروہ کسی ٹیم سے نفرت کرتے ہیں تو وہ آسڑیلوی ٹیم ہے کیونکہ آسڑیلوی کرکٹرز کو دوسری ٹیموں کی عزت کرنی نہیں آتی اور میدان کے اندر ان کا رویہ تضحیک آمیز ہوتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، معین علی جنہوں نے 2015 کی ایشز سیریز میں آسڑیلیا کیخلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا نے مزید کہا کہ آسڑیلوی ٹیم سے نفرت کی بڑی وجہ صرف اور صرف یہ ہے کہ ان کے کھلاڑی میدان کے اندر اور باہر کسی کی تضحیک کرنے کا کا کوئی موقع جانے نہیں دیتے ۔
انہوں نے کہاکہ جب میں نے اپنا پہلا میچ ان کیخلاف کھیلا تو ان کی جانب سے ایسا رویہ تھا جیسے وہ مجھے گالیاں نکال رہے ہوں اور پھر اس کے بعد مجھے ان سے نفرت ہوتی چلی گئی، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کامیابی کے بعد انگلش ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور مجھے امید ہے کہ اب ٹیم آئندہ مقابلوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی، انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کیخلاف اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اورآئندہ زیادہ بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے۔