دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء اتوار کے روز اسلام آباد میں شروع ہوگئیں، افتتاحی تقریب لیاقت جمنیزیم پاکستان سپورٹس بورڈمیں منعقد ہوئی ،سپورٹس بورڈ پنجاب کے 385کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل دستے نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی قیادت میں شرکت کی،سٹیج پر سینٹر راجہ ظفر الحق، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا اور دیگرشریک تھے، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ کی قیادت میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے باوقار مارچ پاسٹ کیا،مارچ پاسٹ میں تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنجاب کے روایتی لباس پگڑی اور شلوار قمیض میں ملبوس تھے، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ پرچم اٹھائے دستے کی قیادت کرتے ہوئے لیاقت جمنیزیم میں داخل ہوئے تو شائقین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر بھرپور داد دی، دستے میں شامل 19گیمز کے 385کھلاڑی اور آفیشلز نے ہاتھ ہلا کر شائقین کو جواب دیا۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017کا انعقاد تاریخی ایونٹ ہے جس سے کھیلوں کو مزید فروغ اور کھلاڑیوں کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، قائداعظم گیمز میں سپورٹس بورڈ پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، فاٹا اور اسلام آباد بورڈ کے3000ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ، گیمز کے انعقاد سے بھائی چارے کو فروغ ملے گا ، انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب کے تمام کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں، قائداعظم گیمز کیلئے ان کو بھرپور تیاری کرائی گئی، کھلاڑی جنون اور جذبے کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اورانشاء اللہ پنجاب کے اعزاز کا دفاع کریںگے۔
ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی پورے پاکستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلوں کیلئے پرعزم ہیں اور دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمز 2017ء میں پہلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ثابت کریں گے ،کھلاڑیوں کا مورال بہت بلند ہے اور وہ جیت کے جذبے سے سرشار ہیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے ساتھ سپورٹس بورڈ پنجاب کے دستے اور افسران نے گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔