شارجہ(عبدالرحمان رضا)شارجہ میں ٹی 10کرکٹ لیگ کا آغاز رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گیا ہے اور پہلے ہی میچ میں راجپوتز نے محمد شہزاد کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت سندھیز کو دس وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دیدی، محمد شہزاد نے چھکے چوکوں کی برسات کرتے ہوئے صرف 16گیندوں پر 74رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا
تفصیلات کے مطابق راجپوتز نے ٹاس جیت کر پہلے سندھیز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو مقررہ دس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 94رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی جس میں شین واٹسن کے 42رنز نمایاں تھے جس میں چار چوکوں اور تین چھکے شامل تھے ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین اپنا سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکا
راجپوتز کی جانب سے مناف پٹیل نے تین، کارلوس بریتھ ویٹ نے دو جبکہ سید شیرزاد نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں راجپوتز کی ٹیم نے مقررہ ہدف بغیر کسی نقصان کے میچ کے چوتھے ہی اوور میں حاصل کرکے دس وکٹوں سے کامیاب حاصل کرلی، جیت میں اہم کردار محمد شہزاد کا رہا جنہوں نے چھ چوکوں اور آٹھ چھکے کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر 74رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی جبکہ برینڈن میکلولم نے آٹھ گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے اکیس رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ محمد شہزاد کو دیا گیا۔