بھوبنشیور(سپورٹس لنک)بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا اہم میچ بدھ پانچ دسمبر کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔تفصیلات کے مطابق جرمنی سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم مشکل میں آگئی، بھارتی شہر بھوبنشیور میں قومی ٹیم ایونٹ کا فاتحانہ آغاز نہ کرسکی تھی۔قومی ہاکی کھلاڑیوں کے لیے دوسرا میچ ڈو اینڈ ڈائی ہوگا، پاکستانی اپنے دوسرے میچ میں اب ملائیشیا سے ٹکرائے گی، جو بدھ کو کھیلا جائے گا۔گروپ میں پاکستان کا آخری میچ نو دسمبر کو نیدرلینڈز سے ہوگا۔خیال رہے کہ یکم دسمبر کو ہاکی ورلڈ کپ کے پہلے اور ابتدائی میچ میں پاکستان کو جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا پڑا تھا۔میچ کے پہلے دو کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور مقابلہ برابر رہا تھا، بعد ازاں 36 ویں منٹ میں جرمن کھلاڑی نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی تھی۔واضح رہے کہ یکم دسمبر کو ہی نیدر لینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا تھا جس میں ملائیشیا کو 0-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ورلڈ کپ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شریک ہیں، قومی ٹیم 8 سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت کررہی ہے۔قومی ٹیم نے 2010 میں آخری بار بھارت میں ہی ورلڈ کپ کھیلا تھا جس میں پاکستان کی آخری پوزیشن آئی تھی جبکہ گرین شرٹس 2014 میں ورلڈ کپ میں جگہ کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔