لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس کو فروغ اور ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں، نوجوانوں کوگرائونڈز میں لانے کے لئے بہترین سہولتیں دے رہے ہیں جس سے نوجوانوں سپورٹس کی جانب راغب ہورہے ہیں، سپیشل اتھلیٹس میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے،سپورٹس بورڈ پنجاب مکمل تعاون کررہا ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں سپیشل اولمپک گالا 2018ء کی رنگا رنگ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید ،چیئرمین اخوت امجد ثاقب ،آرگنائزر شائستہ خاور اور پی ڈبلیو ٹی ڈی کے وائس چیئرمین انیس الرحمٰن بھی موجود تھے
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سپیشل اتھلیٹس نے گالا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، سپیشل اتھلیٹس خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں اور معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب ہر طرح سے تعاون کررہا ہے
ایونٹ کے منتظمین نے سپیشل اولمپک گالا 2018ء کے انعقاد کے لئے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے ایونٹس بہت کامیاب رہا ، بچوں کو تمام سہولتیں ملی ہیں جس سے ان میں سپورٹس کے شوق میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے گالا میں کامیاب ہونے والے سپیشل اتھلیٹس میں میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔