میلبورن (سپورٹس لنک رپورٹ ) بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، مہمان ٹیم نے 106 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر399 رنز کا ہدف دیا، پیٹ کمنز نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے اور اس نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 258 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 141 رنز اور مہمان ٹیم کو 2 وکٹیں درکار ہیں، پیٹ کمنز بھارتی سورماؤں کے سامنے ڈٹ گئے اور 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ہفتہ کو میلبورن ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 54 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بھارتی قائد نے 106 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر کے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 399 رنز کا ہدف دیا، میانک اگروال 42، ریشبھ پانٹ 33 اور روندرا جدیجا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز نے 6 اور جوش ہیزلووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں آسٹریلوی ٹیم کی پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور اس نے 8 وکٹوں پر 258 رنز بنا لئے تھے، میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مزید 141 رنز اور مہمان ٹیم کو 2 وکٹوں کی ضرورت ہے، پیٹ کمنز کے سوا کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، وہ 61 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نیتھن لیون 6 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں، ہیرس 13، ایرون فنچ 3، عثمان خواجہ 33، شان مارش 44، ٹریوس ہیڈ 34، مچل مارش 10، کپتان ٹم پین 26 اور مچل سٹارک 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جدیجا نے 3، بمرا اور محمد شامی نے دو، دو اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔