قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر) ایم این اے ملک نواب شیر وصیرکی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخرعلی شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں سیدہ نوشین افتخار، چوہدری ذوالفقار علی بھندر، وجیہ قمر، شاہدہ رحمانی،سیکرٹری آئی پی سی نعمان اسلام شیخ،ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ایڈمن پی ایس بی منصور احمد خان بھی شریک تھے۔ اجلاس میں بیس بال فیڈریشن سے انکی گزشتہ کاوشوں و کارکردگی، ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔اس ضمن میں سید فخر علی شاہ نے مکمل بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارا اہم ترین مسئلہ گرائونڈز کی عدم دستیابی ہے ہمیں ہر صوبے میں محکمہ کھیل کی گرائونڈز کے لیئے مختص زمینوں پر بیس بال گرائونڈز فی الفور دیئے جائیں اور اسے فعال رکھنے اور مستقل فوائد کے حصول کے لیئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے حوالے کیا جائے۔

 

اس ضمن میں ملک نواب شیر وصیرنے سیکرٹری آئی پی سی کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں دستیاب واحد بیس بال گرائونڈ کی تزئین و آرائش کا کام فی الفور شروع کرکے اسے اپڈیٹ کیا جائے۔اور اسے نہ صرف بیس بال کے لیئے مختص کیا جائے بلکہ فیڈریشن کی محنت و خدمات کے صلے میں اس گرائونڈ کا نام مرحوم سید خاور شاہ کے نام سے منسوب کیا جائے۔چونکہ پاکستان جنوری کے آخر میں 15 ویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ اسلام آباد میں منعقد کرارہا ہے اس لیئے اس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ ہمارے ساتھ تعاون کرے۔اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو میں سید فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہماری کارکردگی و جائز مطالبات کو سن کر کمیٹی نے ہرممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اسلام آباد میں واقع بیس بال گرائونڈ کی تزیں و آرائش کا کام جلد شروع کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

error: Content is protected !!