اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے نیپال کے خلاف 5میچوں کی ہوم سیریز کیلئے 15رکنی قومی خواتین ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ٗ رابعہ شہزادی ٹیم کی قیادت کرینگی ٗ نیپال کی ٹیم 27جنوری 2019کو لاہور پہنچے گی ٗ دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے درمیان سیریز 27جنوری سے 5فروری تک کھیلی جائیگی ٗ پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائیگا ۔پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان وومن بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے آفیشل سپانسر پیپل اینڈ آرگنائزیشنل ڈویلپمنٹ انٹر لوپ لمیٹڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریال صادق اور چیئر مین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے ٹیم کااعلان کیا ۔سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ نے بلائنڈ وومن کرکٹ کو چند روز قبل باضابطہ طورپر تسلیم کرلیاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کی سیریز اس حوالے سے پہلی انٹر نیشنل عالمی سیریز ہوگی جو پاکستان میں کھیلی جائیگی ۔سید سلطان شاہ نے آفیشل سپانسر پیپل اینڈ آرگنائزیشنل ڈویلپمنٹ انٹر لوپ لمیٹڈ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریال صادق کا بلائنڈ وومن کرکٹ کی سپانسر شپ پر شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پرفریال صادق نے پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بی ون کیٹگری کی صبا گل ٗ اقصیٰ عارف ٗ بشریٰ ظہور ٗ سمیہ ممتاز اور انیلہ شہزادی (وائس کیپٹن ) جبکہ بی ٹو کیٹیگری کی سعدیہ خالد ٗ مہوش رفیق ٗ نمر ا رفیق ٗ رابعہ جاوید ہاشمی (وکٹ کیپر)ٗ نشاء بخش ٗ بسما حسین اور بی تھری کیٹیگری کی طیبہ فاطمہ ٗ رابعہ شہزادی (کپتان) ٗ کرن رفیق اور ارم شہزادی شامل ہیں۔اس موقع پر سید سلطان شاہ نے بتایا کہ ایونٹ میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے پاکستان خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا چوتھا اور حتمی تربیتی کیمپ وقار النساء ڈگری کالج راولپنڈی میں جاری رہا اور کیمپ میں نفیس احمد( ہیڈ کوچ)، بختاور اقبال (اسسٹنٹ کوچ)،شاہدہ شاہین (ٹرینر) نے قومی خواتین کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت دی۔انہوں نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 25 منتخب نابینا خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں سے 15 رکنی پاکستان خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا گیا ۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سیریز میں شرکت کے لئے نیپال کی خواتین بلائنڈ ٹیم27جنوری کو پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور، 31 جنوری اور یکم فروری 2019ء کو فیصل آباد جبکہ تین اور چار فروری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے اور جو کھلاڑی موجودہ سیریز میں منتخب نہیں ہوسکیں وہ محنت جاری رکھیں ۔انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ جوکھلاڑی اچھی کار کر دگی دکھائی گی او ر وہ ٹیم میں رہے گی جو کار کر دگی نہیں دکھائے گی اس کی ٹیم میں جگہ نہیں ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جو سہولیات مردوں کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دی جارہی ہیں وہی سہولیات وومن ٹیم کو بھی مہیا ہونگی ۔