نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 119 رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 2-0 سے جیت لی جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر سے دوسرے نمبر پر آگئی۔
نیوزی لینڈ کے شہر تورانگا کے علاقے ماؤنٹ مانگ نیوئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
کیوی ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے ابتدائی 12 اوور میں ٹیم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
اوپننگ بیٹسمین کولن منرو نے 10 بلند و بالا چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی سنچری اسکور کی اور اس طرح وہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 3 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 243 رنز اسکور کیے جس میں مارٹن گپٹل کے برق رفتار 63 رنز بھی شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھ ویٹ نے 2 جبکہ جیروم ٹیلر اور رایاد ایمرٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور دونوں بیٹسمن بغیر کوئی رنز بنائے ٹم ساؤتھی کا شکار بنے اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ آندرے فلیچر نے 46 رنز اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور اِش سوڈھی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔
کولن منرو کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 223 رنز اسکور کرنے پر کولن مونرو کو ہی سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو با آسانی 47 رنز سے شکست دے دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ایک پوزیشن چھین لی تاہم پاکستان کو اپنی پوزیشن واپس حاصل کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کو رواں ماہ ہونے والی تین میچوں پر مشتمل سیریز میں شکست دینی ہوگی۔