آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 479 رنز بنا لئے اور اسے 133 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ عثمان خواجہ نے 171 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، سٹیون سمتھ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مارش 98 اور مچل مارش 63 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 193 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ 91 اور سٹیون سمتھ 44 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں کے مابین 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی، سٹیون سمتھ 83رنز بناکر معین علی کا شکار بن گئے۔ عثمان خواجہ اور شان مارش نے چوتھی وکٹ میں 101 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 375 تک پہنچا دیا، عثمان خواجہ آسٹریلیا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 171 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر میسن کرین کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ اس کے بعد شان مارش اور مچل مارش نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 479 تک پہنچا دیا۔ شان مارش 98 اور مچل مارش 63 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ میسن کرین اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کو مجموعی طور پر 133 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔