لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے برمنگھم میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والے مشکوک میچ پر براہ راست تبصرہ کرنے کے بجائے محتاط انداز اختیار کیا۔ماہرین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ورلڈکپ میں انگلینڈ اور بھارت کے میچ کو مشکوک قرار دیا جا رہا ہے لیکن اس بارے میں آئی سی سی حکام خاموش ہیں۔جب سرفراز احمد سے پوچھا گیا کہ بھارت میچ میں آل آوٹ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر بھی اس بارے میں بہت تنقید ہوئی تو سرفراز احمد نے جواب دیا کہ میں نے ان سب باتوں پر دھیان نہیں دیا، اتفاق سے میں نے میچ دیکھا مجھے لگا کہ اختتامی اوورز میں انگلینڈ نے بہت اچھی بولنگ کی۔سرفراز احمد نے بھی تنازع میں الجھنے کے بجائے باونسر کو ڈک کر دیا اور کہا کہ لوگ ٹی وی دیکھ کر اپنی رائے قائم کر سکتے ہیں، میری نظر میں آخری اوورز میں انگلینڈ کی بولنگ کمال تھی اور ان کے بولرز نے مہارت سے صورتحال کو کنٹرول میں رکھا۔بنگلا دیش کی پاکستان کے خلاف آخری چار ون ڈے انٹرنیشنل میں جیت سے متعلق سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بنگلا دیش اس ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہوئی آ رہی ہے، ہم اسے کسی بھی طرح آسان حریف تصور نہیں کرتے، انہیں ہرانے کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔