لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)اکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈ کپ کے بعد بھی قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی امید لگا لی ہے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر 2016 سے پاکستان ٹیم کے کوچ ہیں اور قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں ورلڈ کپ تک توسیع کی گئی تھی جو ورلڈ کپ کے اختتام کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گا۔مکی آرتھر نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں ایک عمل سے گزرنا پڑے گا، اگر ہمارے درمیان معاہدہ ہو جاتا ہے تو اچھی بات ہے اور اگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو پاکستان ٹیم کے ساتھ 3 برس ناقابل یقین ہیں۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ سیمی فائنل کے حوالے سے کل صورت حال واضح ہو جائے گی۔ ہمارا میچ جمعہ کو ہے جس کا فائدہ بھی ہے تب تک ہمیں پتہ ہو گا کہ اب قسمت خود ہمارے ہاتھ میں ہے اور آگے ہمیں کیا کرنا ہے۔مکی آرتھر نے مزید کہا کہ وہاب ریاض کا ان فٹ ہونا پریشان کن نہیں، وہاب ریاض افغانستان کے خلاف بھی انجری میں کھیلا اس کی اننگز کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، وہ 15 رنز میچ وننگ تھے، وہاب ریاض کا اب تک ٹورنامنٹ بہت شاندار جا رہا ہے اور اس نے اچھی بالنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی کی ہے۔فخر زمان کے حوالے سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا تسلسل کے ساتھ رنز نہ کرنا پریشان کن ہے، فخر کو آغاز اچھا ملتا رہا لیکن وہ لمبی اننگز نہیں کھیل سکا تاہم مجھے امید ہے کہ جمعہ کو فخر زمان لمبی اننگز کھیلے گا۔