لیڈز (سپورٹس لنک رپورٹ) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں ساتویں کامیابی حاصل کر لیا، سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے، 55 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد میتھیوز اور تھریمانے نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 113 اور 53 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنا دیا، جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 44 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، لوکیش راہول نے 111 اور روہت شرما نے 103 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، روہت شرمامیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ہفتہ کو لیڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آئی لینڈرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 264 رنز بنائے، سری لنکن اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 55 کے سکور پر اس کے 4 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے
کرونارتنے 10، کوسل پریرا 18، اویشکا فرننڈو 20 اور کوسل مینڈس 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر اینجلو میتھیوز اور لاہیرو تھریمانے حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 124 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، 179 کے سکور پر تھریمانے 53 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آئوٹ ہو گئے، میتھیوز نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 113 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنا دیا، وہ بمرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، تھسارا پریرا 2 رنز بنا سکے، دھنن جایا ڈی سلوا 29 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔بمرا نے 3، بھنشور کمار، کلدیپ یادیو، ہرڈک پانڈیا اور روندرا جدیجا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 43.3 اوورز میں 3وکٹوں پر پورا کیا، روہت شرما اور لوکیش راہول نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 189 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، راہول 111 اور شرما 103 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ریشبھ پانٹ 4 رنز بنا سکے، اس کے بعد کوہلی نے ہرڈک پانڈیا کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابی دلوائی، کوہلی 34 اور پانڈیا 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مالنگا، راجیتھا اور اودانا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔