کارڈف (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی ابھرتی ہوئی خاتون ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے کارڈف میں ہونے والی ویلش اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کرلیا۔رابعہ شہزاد ماضی میں 55 کلوگرام کی ویٹ کیٹیگریز میں مقابلہ کرتی تھیں لیکن اس ایونٹ سے قبل انہوں نے اپنا وزن کم کیا اور 49 کلوگرام کی کیٹیگری میں پہلی مرتبہ حصہ لیا۔رابعہ نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں انہوں نے اسنیچ میں 40 کلوگرام اور پھر کلین اینڈ جرک میں 55 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور میڈل اپنے نام کیا۔رابعہ نے بتایا کہ ایونٹ سے قبل وہ بخار میں مبتلا ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے ان کی تیاریاں متاثر ہوئیں، بخار کی وجہ سے انہیں خدشہ تھا کہ کہیں وہ چیمپئن شپ سے باہر ہی نہ ہوجائیں۔رابعہ نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ کوئی کوچ بھی نہیں تھا اور ٹورنامنٹ میں موجود ایک اور کھلاڑی کےکوچ نے ان کی مدد کی۔واضح رہے کہ رابعہ شہزاد نے گذشتہ سال بھی آسٹریلیا میں ہونے والی رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن تھا ۔ اس سے قبل وہ دبئی میں ہونے والی ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی سلور میڈل جیت چکی ہیں۔