اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کپتان سمیت بعض کھلاڑیوں کے رویے سے مایوس نظر آنے لگے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کے رویے سے مایوسی کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ کھلاڑی ٹریننگ کے دوران جان چھڑانے کے لیے بہانے بازی کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وہاب ریاض، عماد وسیم اور حارث سہیل کے نام لیے جا رہے ہیں جب کہ سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو مایوسی ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو شکوہ ہے کہ کئی کھلاڑی ٹریننگ کے لیے سنجیدہ نہیں اور پلان کے مطابق ٹریننگ بھی نہیں کرتے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میں پروفیشنل ازم کا فقدان ہے اور ٹریننگ میں ڈسپلن نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو یہ بھی شکوہ ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جاتا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈکوچ مصباح الحق نے گزشتہ روز چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے تفصیلی ملاقات کی جس میں مختلف معاملات زیر بحث بھی آئے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو کھلاڑی مکمل فٹ اور فارم میں نہیں اُن کی جگہ نئے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، خواہ حریف آسٹریلیا ہی کیوں نا ہو۔اس سلسلے میں مصباح الحق فیصل آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔پی سی بی کا مصباح الحق کی مایوسی کی خبروں کے حوالے سے کہنا ہے کہ ایسا سب میڈیا سے ہی سن رہے ہیں، ہمارے پاس اس حوالے سے کچھ نہیں پہنچا۔