بھارتی کرکٹ ٹیم پر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست کے سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں۔ میچ کے پانچویں روز اسے فتح کے لیے مزید 252رنز کی ضرورت ہوگی۔
منگل کو 287 کا ہدف ملنے کے بعد اس نے3 وکٹ کھو کر 35 رنز بنائے تھے، کپتان ویرات کوہلی 5، اوپنر مرلی وجے9 اور کے ایل راہول4 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے ہیں۔ چوتھے روز کھیل ختم ہونے پر چتیشور پجارا 11 اور پارتھیو پٹیل 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
سپر اسپورٹس پارک میں آج تک کسی ٹیم نے 249 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل کرکے میچ نہیں جیتا ہے۔
قبل ازیں ہوم سائیڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 258 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی تھی، کپتان فاف ڈوپلیسی 48، ورنن فلینڈر 26، اور مورنے مورکل 10 رنز بناکر آئوٹ ہوئےجبکہ ابراہم ڈیویلیئرز 80 اور ڈین ایلجر 61 رنز بنا کر نمایاں رہےتاہم محمد شامی نے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے 49 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر جرمانہ عائد کردیا ہے ۔
ویرات کوہلی میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقا کی دوسری اننگز کے 25 ویں اوورمیں گیلی گیندپر امپائر سے شکایت کرتے رہے اور پھر غصے میں گیند زمین پر دے ماری۔
کھیل کے اختتام پر آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے کوہلی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔
کوہلی کی جانب سے اپنی غلطی مانے جانے کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کپتان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے کھاتے میں ڈال دیا تاہم کوہلی نےاپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔