کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی اوپنر عابد علی نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو بڑے بڑے پاکستانی بلے باز نہیں کرسکے ہیں ۔نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 57 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 32 جب کہ شان مسعود 21 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے بڑے ذمہ دارانہ انداز میں اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اور سب سے پہلے سری لنکا کی 80رنز کی برتری کو ختم کیا،جسکے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے نسبتاً تیز رفتاری سے کھیل کو جاری رکھا اور اس دوران عابد علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری سکور کی ،وہ کم ترین اننگز میں دو سنچریاں سکور کرنے والے پاکستان کے دوسرے بلے باز ہیں
یہ قومی ریکارڈ سابق اوپنر یاسر حمید کے پاس ہے جنہوں نے 2003ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کی تھیں جب کہ عابد علی نے اپنی تیسری ٹیسٹ اننگز میں دو سری سنچری سکورکرکے اس فہرست میں دوسرا نمبر اپنے نام کرلیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز جاوید میانداد اور سابق اوپنر وجاہت اللہ واسطی نے اپنے پہلی4،4ٹیسٹ اننگز میں دو سنچریاں سکور کی تھیں ،سابق کپتان سلیم ملک نے اپنی7ویں ٹیسٹ اننگر میں دوسری سنچری سکور کی تھی،قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور،عمران نذیر اور سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے اپنی8ویں ٹیسٹ اننگز میں دوسری ٹیسٹ سنچری بنائی تھی ۔