نلتر (سپورٹس لنک رپورٹ) گلگت بلتستان اسکی ایسوسی ایشن نے پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلترمیں منعقدہ سعدیہ خان اسکی کپ جیت لیا۔ اس سلسلے میں آج تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی ایئر مارشل جواد سعید ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف(ایڈمنسٹریشن)نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔سول اور ملٹری حکام کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔پاکستان کی مختلف اسکی ایسوسی ایشنز نے اس چیمپئین شپ میں حصہ لیا۔مہمان خصوصی نے مختلف کیٹیگریزکے کھلاڑیوں میں میڈلزاورٹرافیاں تقسیم کیں۔گرلزاسکی انڈر14اور انڈر16کیٹیگری میں گلگت بلتستان اسکی ایسوسی ایشن نے جبکہ بوائز انڈر16 اورانڈر14کیٹیگری کی ٹرافیاں پاکستان ایئر فورس نے جیتیں ۔ آئس ہاکی میں بھی پاک فضائیہ کی ٹیم فاتح قرار پائی۔
خواتین کی سلالم کیٹیگری میں عمائمہ ولی نے گولڈمیڈل جبکہ جیا علی نے سلورمیڈل حاصل کیا۔ چلڈرن اسکی مقابلوں میں لڑکیوں کی انڈر 14سلالم کیٹیگری میں مشال حسین نے گولڈمیڈل جبکہ مریم اقبا ل نے سلورمیڈل حاصل کیا۔ لڑکوں کی انڈر 16کیٹیگری میں سیف اللہ نے گولڈمیڈل جبکہ زبیر علی نے سلورمیڈل جیتا۔ لڑکوں کی انڈر 14کیٹیگری میں زمان علی گولڈ میڈل جبکہ ظاہر اللہ سلورمیڈل کے حقدارقرار پائے۔
خواتین کی جائنٹ سلالم کیٹیگری میں خوشین صاحبہ نے گولڈ میڈل جبکہ حمیمہ ولی نے سلورمیڈل حاصل کیا۔ا سکیٹنگ بوائز کیٹیگری-۱ میں محمد اقبال گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔لڑکیوں کے انڈر 12 سیکنڈ سپیڈ سکیٹنگ مقابلے میں مشال حسین نے گولڈ میڈل جیتا۔ لڑکیوں کی انڈر 16کیٹیگری مقابلوں میں منہال عزیزکو گولڈ میڈل عطا کیا گیا جبکہ ماسٹر کیٹیگری میں خوشین صاحبہ کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ لڑکوں کی انڈر 12،انڈر16اور ماسٹر کیٹیگری میں مبشر، سیف اللہ اور ضیاالرحمٰن کوبالترتیب گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔