لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے باہمی تعاون سے جاری کبڈی ورلڈ کپ 2020ءکے چھٹے روز پاکستان نے پول بی میں اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا ہے، پاکستان نے آذربائیجان کو 40-30سے شکست دی،
پاکستان پول بی میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے،بھارت نے انگلینڈ کو 44-26 سے ہرادیا،15فروری کو پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا جبکہ دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی تھے، جمعہ کے روز ظہورالہی سٹیڈیم گجرات میں دو میچ کھیلے گئے، پہلا میچ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان کھیلا گیا،
پاکستان نے ٹاس جیت کر ریڈ کرنے کا فیصلہ کیا،پہلا ریڈ ملک بن یامین نے
کیا اور پوائنٹس حاصل کیا، پاکستانی کھلاڑی میچ کے آغاز سے ہی آذربائیجان
کے کھلاڑیوں پر حاوی رہے اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی، پہلے ہاف میں ہی
پاکستان نے اپنی پوزیشن مستحکم بنالی، پہلا ہاف میں پوائنٹس 23-16رہے،
دوسرے ہاف میں بھی پاکستان کا پہلہ بھاری رہا اور میچ کے اختتام تک
آذربائیجان کی ٹیم پاکستان کے لئے کوئی مشکل پیدا نہ کرسکی اور پاکستان نے
میچ 40-30سے جیت لیا، کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین نے
کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
گجرات میں ہونے والے میچز کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز
الہی کا ٹیموں سے تعارف کرایا گیا، اس موقع پر بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں
بھی موجود تھیں، تمام ٹیموں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے
کہ یہ گجرات کے لئے تاریخی دن ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کے میچز یہاں پر ہورہے
ہیں ، گجرات کے شہریوں نے جس طرح کبڈی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے سٹیڈیم
آکر میچز دیکھے ہیں اس سے گجرات کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے کہ گجرات
کے لوگ اپنے روایتی کھیل سے کتنی محبت کرتے ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام غیرملکی ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان
کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں کہ وہ پاکستان آکر کھیل رہی ہیں، امید ہے اب
دوسری ٹیمیں بھی پاکستان آکر کھیلیں گی۔کبڈی ورلڈکپ کے مقابلے دیکھنے کے
لئے ظہور الہی سٹیڈیم عوام سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، شائقین ڈھول کی تھاپ
پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور کھلاڑیوں کو اچھے کھیل پر بھرپور داد دیتے رہے۔
کبڈی ورلڈ کپ 2020ءکے چھٹے روز دوسرا مقابلہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان
ہوا جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلا ریڈ کیا، بھارت کی ٹیم شروع سے ہی
انگلینڈ پر بھاری رہی،بھارت نے پہلے ہاف میں اپنی پوزیشن مضبوط بنالی، پہلے
ہاف میں پوائنٹس 21-15رہے،دوسرے ہاف میں بھی بھارت نے انگلینڈ کی ٹیم کو
سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور میچ 44-26سے جیت لیا۔بھارت پول اے میں ناقابل
شکست رہا ہے۔
15فروری بروز ہفتہ کو کبڈی ورلڈ کپ 2020ءکے سیمی فائنلز پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیاکے درمیان شام 6بجے جبکہ دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان رات ساڑھے 7بجے کھیلا جائے گا۔