کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے اور رائزنگ اسٹار سی سی کے زیر اہتمام جاری آل کراچی پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انویٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ شمیل کرکٹ کلب نے لانڈھی جیم خانہ کولٹس کو 3وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ پاک کورنگی کلب نے برائٹ کرکٹ کلب کیخلاف باآسانی 8وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔ محمد الیاس اور اشعر قریشی کی میچ وننگ کارکردگی‘ امت روی کی نصف سنچری‘ واجد اللّٰہ نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں لانڈھی جیم خانہ کولٹس کی پوری ٹیم 178رنز 40.2اوورز میں اسکور کرکے آوٹ ہوگئی۔ واجد اللہ نے 41رنزاور محمد سمیر نے 38رنز بنائے۔ سید علی نسیم اور محمد الیاس نے بالترتیب 11اور 56رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ شمیل کرکٹ کلب نے جوابی اننگز میں 7وکٹوں پر مطلوبہ ہدف 28.4اوورز میں 179رنز بنا کرحاصل کرلیا۔محمد الیاس نے 4چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 55رنز اور امت روی کے 52رنز میں 4چوکے شامل تھے۔
واجد اللہ نے 43رنز پر 4اور شاہ رضا کو 43رنز پر 3وکٹ ملے۔ایمپائرز محمد رشید خان اور عزیزالرحمن جبکہ آفیشل اسکورر سید مستجاب عالم تھے۔لانڈھی جیم خانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں برائٹ کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 36.5اوورز میں 157رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد ابرار نے 34اور عبدالرحمن نے 24رنز اسکور کئے۔ طارق مراد، غلام حسین، بدرقریشی اور اشعر قریشی نے 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاک کورنگی نے جوابی اننگز میں 16.1اوورز میں 162رنز دو وکٹوں پر بنا کر فتح حاصل کرلی۔ اشعر قریشی نے 12چوکے اور 3چھکے لگاکر 80رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اظہر خان نے 41رنز بنائے۔ میر بختیار علی کو 22رنز پر ایک وکٹ ملی۔عزیز الرحمن اور رشید خان نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔ آفیشل اسکورر خیام مصطفی تھے۔